پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ 10 سال میں خیبر پختونخوا کو کنگال صوبہ بنا دیا گیا۔
مریم نواز سے خیبر پختونخوا کے یوتھ کوآرڈینیٹرز نے ملاقات کی، جس میں تنظیمی امور اور عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ بی آر ٹی، بلین ٹری سونامی کےنام پر خیبر پختونخوا میں بدترین کرپشن جاری رہی، 10 سال میں ساڑھے تین سو ڈیم تو نہ بن سکے، قوم کو قدم قدم پر ڈیم فول بنایا گیا، 10 سال میں ایک اسپتال، ایک کالج، ایک یونیورسٹی نہیں بن سکی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ خیبر پختونخونخوا کو مسلم لیگ ن کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، 10 سال میں یہ تبدیلی آئی خیبر پختونخوا کے پاس تنخواہیں، پینشن دینے کے پیسےنہیں رہے، نامراد تبدیلی پاکستان اور خیبر پختونخوا کو ڈیفالٹ کے کنارے چھوڑ گئی۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے غیرت مند، وفا شعار عوام کو ریاست سے ٹکرا دینے کی سازش کی گئی، 190 ملین پاﺅنڈ لوٹنے والوں نے خیبر پختونخوا اور پاکستان کے وسائل ہڑپ کر لیے، ہم کے پی کی 10 سال کی محرومیاں دور کریں گے۔