مودی سرکار کے ہاتھوں قتل سے بال بال بچنے والے خالصتان تحریک کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا ہے کہ بھارت انہیں ہر صورت قتل کرنے کے درپے ہے۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے اپنے قتل کی سازش پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے لگائے گئے الزامات دراصل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر فرد جرم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے قتل کرنے کی سازش بھارتی حکومت نے کی تھی، میرے قتل سے بھی خالصتان تحریک ختم نہیں کی جا سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ قتل کی سازش کی باتیں امریکا اور کینیڈا کے لیے نئی ہوں گی لیکن حق خود ارادیت کی تحریک چلانے والوں کے لیے قتل کی سازش حیران کن نہیں۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے یہ بھی کہا کہ میں نکھل گپتا کو جانتا ہوں اور نہ قتل کی سازش کرنے والے بھارتی اہلکار کو، میں موت سے نہیں ڈرتا، آزادی کی تحریک چلاتا رہوں گا۔
خالصتان تحریک کے رہنما کا مزید کہنا کہ بھارت کی کوشش ہے کہ خالصتان کے حامیوں کو دہشت گرد قرار دیا جائے۔