• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیاریاں مکمل، الیکشن کا انتظار ہے: بیرسٹر گوہر


نو منتخب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ ہمارے خلاف 180 کیسز بنائے گئے ہیں، عدلیہ سے بھی وہ ریلیف نہیں مل رہا جو ملنا چاہیے تھا۔

ایک بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی ایک جدوجہد کی وجہ سے جیل میں ہیں، میرا پینل سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا منتخب کردہ پینل تھا، ہماری آدھی سے زیادہ لیڈر شیپ جیلوں میں ہے، پی ٹی آئی کسی کے ساتھ جھگڑا نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اہم ذمے داری سونپنے پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا شکر گزار ہوں، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا جو فیصلہ ہو گا اسی پر عملدر آمد کریں گے۔

گوہر خان کا کہنا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے میرا انتخاب کر کے موروثی سیاست نہ کرنے کا ثبوت دیا، الیکشن کی تیاریاں مکمل ہیں، الیکشن کا انتظار ہے۔

واضح رہے کہ بیرسٹر گوہر بلا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللّٰہ نیازی نے کہا ہے کہ بیرسٹر گوہر خان بلا مقابلہ پی ٹی آئی کے چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمر ایوب پی ٹی آئی کے بلا مقابلہ مرکزی جنرل سیکریٹری، علی امین گنڈاپور تحریک انصاف خیبر پختون خوا اور یاسمین راشد پنجاب کی صدر منتخب ہو گئی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید