سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کو دوبارہ حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مردان پولیس نے اسد قیصر کو سینٹرل جیل مردان سے حراست میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسد قیصر کے خلاف تھانا سٹی میں 9 اور 10 مئی واقعات سے متعلق ایف آئی آر درج ہے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی کو تھانا سٹی منتقل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ آج مردان کی سیشن کورٹ نے طبی آلات کی خریداری میں کرپشن کے کیس میں تحریکِ انصاف کے رہنما اسد قیصر کی درخواستِ ضمانت منظور کی تھی۔
سیشن جج محمد زیب خان نے اسد قیصر کی ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو پولیس اور اینٹی کرپشن حکام نے ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔
اسد قیصر پر گجو خاں میڈیکل کالج صوابی کے لیے طبی آلات کی خریداری میں کرپشن کا الزام ہے۔