• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف ووٹ کو عزت دلوائیں، بے عزتی نہ کریں، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے مطالبہ ہے کہ ووٹ کو عزت دلوائیں اس کی بے عزتی نہ کریں، انتظامیہ کے بجائے اپنے بل پر الیکشن لڑیں۔

 کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے آج پھر مسلم لیگ ن پر تاک تاک کر وار کیے اور کہا کہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ بادشاہ کی طرح ملک میں آؤ، دربار میں سب کی حاضری لگواؤ اور الیکشن کی ہوا بناؤ، ساری کوششیں کرنے کے باوجود ان کی ہوا نہیں بن رہی، انہیں اپنے گھر پنجاب میں انڈوں اور ٹماٹروں کا سامنا ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ڈیلیور کرکے ہی اپنی اسپیس واپس لے سکتی ہیں، ہر الیکشن میں کچھ لوگ یہ تاثر دیتے ہیں کہ ان کی حکومت آرہی ہے، ان لوگوں کو عوام بہترین جواب دیں گے۔

 بلاول بھٹو نے کہا کہ نیب اپنے کام کرتا رہے، پہلے بھی دیکھا ہے، اب بھی دیکھنے کیلئے تیار ہیں، اداروں کی طرح سیاست دانوں کو بھی اپنے دائرے میں رہ کر کام کرنا چاہیے، میاں صاحب سے درخواست ہے کہ ووٹ کو عزت دلوائیں۔

پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ہم چاہتے ہیں تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں، ماضی میں ہر ادارے کو ٹائیگر فورس بنانے کی کوشش کی گئی، پاکستان کی تاریخ میں جو سلیکٹڈ حکومتیں بنیں وہ ناکام رہیں، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو سب کو ساتھ لے کر  چل سکتی ہے، وقت آگیا ہے منفی سیاست کی بجائے مثبت سیاست شروع کی جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کا فائدہ ملک کے عوام کو ہوا، اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کو آپ لوگوں کے مسائل کا پتا نہیں، اٹھارویں ترمیم پر ابھی صحیح طرح عملدرآمد ہی نہیں ہوا، ہم سمجھتے ہیں عوام راستہ دکھاتے ہیں، عوام کا فیصلہ ماننا پڑے گا، پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی تو مکمل اختیارات کی منتقلی کریں گے، اس وقت سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس جلسےکو کامیاب بنانے پر بلوچستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم بلوچستان کی آواز بنیں گےاور مسائل کاحل نکالیں گے، پیپلز پارٹی بلوچستان میں الیکشن جیتے گی اور حکومت بنائے گی، بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل سی پیک سےجڑا ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ  لیول پلیئنگ فیلڈ کا باقی جماعتوں کا مطالبہ حالات کے مطابق ہے، پیپلز پارٹی کا ہمیشہ سے یہ مطالبہ رہا ہے کہ سب کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ ہو، پاکستان میں نئی سیاست لانے کا وقت ہے، دشمنی کی سیاست پاکستان اور عوام کے لیے اچھی نہیں، میں نے کبھی تقسیم، نفرت، گالم گلوچ کی سیاست نہیں کی، میری اپنی تاریخ ہے، میں اپنے منشور پر چلوں گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ہم 8 فروری کو دنیا کو اچھا سرپرائز دیں گے، ہم عوام کے لاڈلے بننے کی کوشش کر رہے ہیں، صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ ہےچمن میں احتجاج کرنے والوں سے ملیں۔

قومی خبریں سے مزید