پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے ن لیگ کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ نے لاہور کو ہی پاکستان سمجھا ہوا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی میرٹ پر اپنی کارکردگی دکھا سکتی ہے، غلط طریقے یا دھاندلی سے اقتدار میں آنے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحت سب سے پہلے سڑکیں فلائی اوور سب بعد میں آتے ہیں، ن لیگ نے کوئی ایک سرکاری اسپتال بنایا ہو تو بتائے۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں پاکستان کی بہترین طبی سہولتیں موجود ہیں، ہماری لیڈر شپ علاج کرانے باہر نہیں جاتی۔
پی پی پی کے رہنما نے کہا کہ ایم کیو ایم اور ن لیگ کا اتحاد صفر جمع صفر کے مترادف ہے، اس بار بھی پی پی مخالفین کو الیکشن میں شکست ہو گی، کراچی کو امن کا شہر بنانے کا کریڈٹ پیپلز پارٹی کو جاتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن متنازع ہوگئے ہیں، شاید معاملہ عدالت میں جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم چاہتی ہے ان کی مرضی سے حلقہ بندی کی جائے، اگر ایسا ہے تو وہ الیکشن میں نہ جائیں سیدھا حکومت میں چلے جائیں، کسی کو دھاندلی کی اجازت نہیں ہوگی ہم دھاندلی کا مقابلہ کریں گے۔
شرجیل میمن کا یہ بھی کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں پر ہمیں شدید اعتراض ہے اس کے خلاف آئینی طریقہ کار اپنا رہے ہیں۔