لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت سے کار حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت کے مقدمے میں تفتیش مکمل ہونے پر فیصلہ کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
عدالت میں لاہور کے علاقے ڈیفنس میں کار حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت کے مقدمے میں نامزد ملزم افنان کے والد شفقت اعوان کی درخواستِ ضمانت پر جج عبہر گل نے سماعت کی۔
ملزم افنان کے والد شفقت اعوان عبوری ضمانت مکمل ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا انویسٹی گیشن مکمل ہو گئی ہے؟
تفتیشی افسر نے بتایا کہ انویسٹی گیشن مکمل ہو گئی ہے، ملزم شفقت اعوان قصور وار پایا گیا ہے، ملزم نے خود گاڑی کی چابی اپنے بیٹے کو دی، وقوعے کے وقت ملزم جائے وقوع پر موجود تھا۔
دورانِ سماعت پولیس کی جانب سے ملزم شفقت اعوان کی گرفتاری کی اجازت طلب کی گئی۔
مدعی رانا مدثر کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ پولیس نے انویسٹیگیشن مکمل کر لی ہے، عدالت قانون کے مطابق فیصلہ کر دے۔
بعد ازاں لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کی جج عبہر گل نے ملزم کے وکیل کو کیس کی فائل کا جائزہ لینے کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دی۔