• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتب: محمّد ہمایوں ظفر

مَیں اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا ہوں۔ مجھے موٹر سائیکل چلانے کا ازحد شوق تھا، اپنے دوستوں کی مدد سے موٹر سائیکل چلانا سیکھ تو لی، لیکن امّی، ابّو مجھے موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہیں دیتے تھے۔ وہ ڈرتے تھے کہ کہیں کوئی حادثہ نہ پیش آجائے۔ خیر، کچھ عرصے بعد گلی محلّوں میں چلا چلا کر طاق ہوگیا، تو ابّو تو اجازت دے دیتے تھے، لیکن امّی پھر بھی گھبراتی تھیں۔

ایک دن میں چوری چُھپے موٹر سائیکل لے کر نکل کھڑا ہوا۔ اور اِدھر اُدھر گھماتے ہوئے مین شاہ راہ پر چلاگیا۔ کشادہ سڑک پر بائیک بھگاتے ہوئے بڑا مزہ آرہا تھا، مَیں تیزرفتاری سے اُپنی دھن میں بائیک دوڑاتا ہوا آگے بڑھ رہا تھا کہ اچانک ایک موڑ پر سامنے سے آنے والی گاڑی سے بچنے کے لیے بائیں جانب بائیک موڑی، تو سڑک کے عین درمیان میری موٹر سائیکل ایک جھٹکے سے رُک کر بند ہوگئی۔ مَیں نے اسٹارٹ کرنے کی کوشش کی، لیکن اسٹارٹ نہ ہوئی۔

گھبراہٹ اور پریشانی کے عالم میں پیچھے مڑ کر دیکھا، توایک موٹرسائیکل تیزی سے آرہی تھی، یہ دیکھ کرمیرے اوسان خطا ہوگئے۔ موٹرسائیکل کی رفتار اتنی تیز تھی کہ فل بریک لگانے کے باوجود اس کا میری بائیک سے ٹکرانا یقینی تھا۔ 

موت سامنے دیکھ کرمیں نے آنکھیں بند کرلیں اور زبان سے درود پاک کا ورد جاری ہوگیا۔ چند لمحوں بعد جب آنکھ کھولی، تو تھوڑے فاصلے پر وہ موٹر سائیکل سوار اپنی بائیک کے ساتھ کھڑا نظر آیا، پھر وہ میرے پاس آیا اور میری حالت دیکھ کر تسلّی دی اور کہا کہ ’’شُکر ہے کہ کچھ نہیں ہوا، ہم اللہ کے فضل و کرم سے بچ گئے۔‘‘ اُس دن کے بعد سے مَیں موٹرسائیکل بہت احتیاط سے چلاتا ہوں، لیکن میرا ایمان ہے کہ اُس روز تو صرف اور صرف درود شریف کی برکت اور فضیلت ہی سے میری زندگی بچی۔ (حسنین احمد، علی پور)

سُنیے…آپ سے کچھ کہنا ہے…!!

اگر آپ کے ذہن میں کوئی ایسا واقعہ محفوظ ہے، جو کسی کردار کی انفرادیت، پُراسراریت یا واقعاتی انوکھے پن کی بنا پر قارئین کے لیے دل چسپی کا باعث معلوم ہو، تو فوراً قلم اُٹھایئے اور اس صفحے کا حصّہ بن جائیے۔ یہ واقعات قارئین کے شعور و آگہی میں اضافے کے ساتھ اُن کے لیے زندگی کا سفر آسان کرنے میں بھی ممدومعاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

واقعات بھیجنے کے لیے تحریر کا پختہ ہونا ضروری نہیں،صرف سچّا ہونا لازم ہے۔ نیز اپنا نام و پتا بھی لکھیے تاکہ رابطے کی ضرورت محسوس ہو، تو رابطہ کیا جاسکے۔ہمیں اپنی تحریریں اس پتے پر بھیجیں۔

ایڈیٹر،’’سنڈے میگزین‘‘ صفحہ ناقابلِ فراموش، روزنامہ جنگ، شعبہ میگزین، اخبار منزل، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی۔

سنڈے میگزین سے مزید