• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے بزنس سہولت سینٹر کا افتتاح کر دیا

نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی— فائل فوٹو
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی— فائل فوٹو 

نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مال روڈ پر بزنس سہولت سینٹر کا افتتاح کر دیا۔

محسن نقوی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزید اضلاع میں بھی 5 بزنس سہولت سینٹر بنا رہے ہیں، تاجروں پر منحصر ہے کہ وہ بزنس سہولت سینٹر سے کیسے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

انہوں نے سینٹر میں بزنس حب کے آن لائن سسٹم کا بھی باضابطہ آغاز کیا اور بزنس سہولت سینٹر میں قائم صوبائی و وفاقی محکموں کے کاؤنٹرز کا معائنہ کیا۔

اس افتتاحی تقریب میں  تقریب میں ترکیہ کے قونصل جنرل در مش باشتو اور چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے بھی شرکت اور دونوں نے بزنس سہولت سینٹر کو سراہا۔

اُنہوں نے افتتاحی تقریب سےخطاب  کرتے ہوئے بزنس سہولت سینٹر میں فراہم کردہ سہولتوں کو سراہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ بزنس سینٹر میں ون ونڈو آپریشن کی سہولت ہو گی، کاروبار میں آسانی کے لیے سینٹر میں 20 محکمے ہوں گے، 106 این او سیز ایک ہی چھت تلے ملیں گے، بزنس مین یہاں بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر آئیں گے، 15دن میں این او سی حاصل کریں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک کے سرمایہ کاروں کو این او سیز کےحصول کے لیے بہت مشکل ہوتی تھی، سرمایہ کاروں کو 15 کی بجائے 10دن کے اندر این او سیز مہیا کی جائیں گی۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالا، راولپنڈی، ملتان میں 30 دن کے اندر 5 سینٹر فنکشنل کر دیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ صرف لاہور نہیں دیگر شہروں میں بھی بزنس سینٹر فنکشنل کیے جائیں گے، بزنس مین کو این او سیز کےحصول کے لیے مختلف محکموں کے دھکے کھانے پڑتے تھے۔

محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ ایل ڈی اے ون ونڈو آپریشن اسی طرح خدمات دے رہا ہے، ایل ڈی اے میں بھی ون ونڈو آپریشن جلد فنکشنل ہو جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید