2010ء میں نشر ہونے والے جیو کے ڈرامہ سیریل ’ڈولی کی آئے گی بارات‘ میں صبا کا کردار نبھانے والی معروف پاکستانی اداکارہ، میزبان، پروڈیوسر نوشین مسعود انتقال کر گئیں۔
ساتھی اداکار عدنان صدیقی نے اداکارہ کے انتقال کی تصدیق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کی۔
نوشین مسعود گزشتہ کچھ عرصے سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا اور زیرِ علاج تھیں، جس کی تصدیق ان کے سابق شوہر طارق قریشی نے بھی کی ہے۔
مرحومہ کے سوگواروں میں ان کے موجودہ شوہر عمران اور 2 بیٹے شامل ہیں۔
نوشین مسعود نے کراچی کے سینٹ جوزف کالج سے انڈسٹریل ڈیزائننگ میں بی اے کی ڈگری حاصل کی تھی۔
انہوں نے ڈرامہ سیریل جال، کالونی 1952ء، گھر تو آخر اپنا ہے، ڈولی کی آئے گی بارات سمیت مختلف ڈراموں میں اداکاری کی جبکہ انداز اپنا اپنا سمیت مختلف پروگرامز میں میزبانی کی خدمات انجام دیں۔
تخلیقی صلاحیتوں کی مالک نوشین مسعود نے جنون، شہزاد رائے، جنید جمشید، عامر ذکی، جواد احمد سمیت کئی معروف گلوکاروں کی میوزک ویڈیوز بھی ڈائریکٹ کی ہیں۔