الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ووٹرز لسٹوں سے متعلق غیر ذمے دارانہ بیان سے گریز کی ہدایت کردی۔
ترجمان ای سی پی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر زیر گردش مری اور دیگر حلقہ انتخاب میں گھوسٹ ووٹرز کا بیان بے بنیاد ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ الزام بھی لغو ہے کہ کسی سیاسی جماعت کو فائدہ پہنچانے کےلیے یہ کام کیا گیا ہے۔ ووٹر کا اندراج اُس کے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتے کے مطابق ہوتا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کسی بھی ووٹر کا اُس انتخابی حلقہ میں موجودہونا ضروری نہیں ہے، اسی سبب آبادی اور ووٹر کے اندراج کے تناسب میں کئی انتخابی حلقوں اور اضلاع میں فرق ہے۔
ترجمان ای سی پی کے مطابق ووٹ اندراج اور اخراج پر اعتراضات کے لیے الیکشن کمیشن نے باقاعدہ مہم چلائی، جس کے دوران انتخابی فہرستوں کی تجدید کی گئی۔
الیکشن کمیشن ترجمان کے مطابق ووٹ اندراج، اخراج اور درستگی کی آخری تاریخ تک فوت شدہ افراد کے ووٹ حذف کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق انتخابات کے دوران تجدید شدہ انتخابی فہرستیں ہی استعمال ہوں گی، اس حوالے سے غیر ذمے دارانہ بیان دینے سے گریز کیا جائے۔
ای سی پی ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن متعلقہ اداروں اور افراد کے خلاف مناسب کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔