چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے علاقے عائشہ منزل میں عمارت میں آگ لگنے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا۔
ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چیئرمین پی پی پی نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے رابطہ کیا اور عمارت میں آگ لگنے کے واقعے کی تفصیلات لیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دکانوں اور فلیٹس میں آگ پر قابو پانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جیالے آگ بجھانے کی کوششوں اور ریسکیو آپریشن میں انتظامیہ کی مدد کریں۔
انکا کہنا تھا کہ دعا ہے اللّٰہ تعالیٰ علاقے میں آباد تمام شہریوں کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے عائشہ منزل کی عمارت میں آگ لگنے کے واقعے میں تین افراد جاں بحق دو زخمی ہوگئے۔
آگ عائشہ منزل پر دکانوں میں لگی، جو دیکھتے ہی دیکھتے گراؤنڈ فلور سے پانچویں منزل تک پہنچ گئی، اور پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔