پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے ایک افغان اخبار کو انٹرویو میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا افغانوں کا ہے اور افغان مہاجرین وہاں جب تک چاہیں بلا خوف و خطر رہ سکتے ہیں۔
افغانستان ٹائمز کو دیئے گئے انٹرویو میں محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ اگر افغانوں کو دوسرے صوبوں میں پریشان کیا جائے تو وہ خیبرپختونخوا آکر آرام سے رہ سکتے ہیں، خیبرپختونخوا میں کوئی ان سے پناہ گزین کارڈ نہیں مانگے گاکیونکہ خیبرپختونخوا افغانوں کا ہے۔
افغان اخبار کے مطابق ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کی جبری بے دخلی پر پاکستانی پشتونوں کو بھی تشویش ہے۔
پاک افغان سرحدی تنازع کے سوال پر محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ بہتر ہے کہ پاکستان اور افغانستان آپس میں مل کر ہی مسئلہ حل کرلیں ورنہ چین اور امریکا دو ہفتے میں یہ معاملہ طے کر لیں گے۔