• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عائشہ منزل پر آتشزدگی کا واقعہ 5 خاندانوں کو عمر بھر کا دکھ دے گیا


کراچی میں آگ لگنے کا ایک اور دلخراش واقعہ 5 خاندانوں کو عمر بھر کا دکھ دے گیا، دکان جل گئی، سرمایہ بھی ختم ہوگیا، متاثرین کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔

سانحہ عائشہ منزل میں ریاض، نعمان اور غلام رضا سمیت 5 لوگ آگ میں جھلس کر جاں بحق ہو گئے، نیو کراچی کا نعمان درزی تھا اس کے چار معصوم بچے ہیں۔ نعمان کا بھائی عاصم بیگ بھی حادثے کے وقت اس کے ہمراہ تھا لیکن خوش قسمتی سے وہ اس حادثہ میں اپنی زندگی بچانے میں کامیاب رہا۔

اورنگی ٹاؤن کے ریاض احمد کی بیوہ شدت غم سے نڈھال ہیں اور یہ سوال کر رہی ہیں کہ آخر کب تک گھروں کے کفیل ناقص حفاظتی اقدامات کی بھینٹ چڑھتے رہیں گے۔

منگھوپیر سے تعلق رکھنے والے غلام رضا کو اہل محلہ ملنسار اور خوش اخلاق شخصیت کے طور یاد کر رہے ہیں، لواحقین کہتے ہیں کہ جانے والے تو واپس نہیں لوٹتے، لیکن ہر حادثے کے بعد ذمہ دار انتظامیہ اور حکومتی نمائندے اظہار افسوس تو کرتے ہیں، لیکن حفاظتی اقدامات کو چیک کرنا اور عمارتوں کو محفوظ بنانا بھول جاتے ہیں۔ شاید دوسرے حادثے کا انتظار کرتے ہیں؟

یاد رہے کہ گزشتہ شب عائشہ منزل کے قریب عرشی شاپنگ سینٹر میں خوفناک آتش زدگی کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ 1 شخص جھلس کر شدید زخمی ہوا تھا، زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

مال میں لگی آگ سے کروڑوں کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا، فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔

قومی خبریں سے مزید