پنجاب حکومت کی جانب سے شیخ رشید پر درج 10 مقدمات کی رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرا دی گئی۔
سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے سامنے پیش ہوئے۔
کیس کی سماعت لاہور ہائی کورٹ پنڈی بینچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کی۔
جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کہا کہ عدالت مقدمات کی تفتیش میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کرے گی۔
عدالت نے شیخ رشید کے وکیل سے سوال کیا کہ آپ چاہتے ہیں عدالت مقدمات کی تفتیش بھی کرے؟
اس پر شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے جواب دیا کہ مقدمات کی جو رپورٹ دی گئی ہے عدالت اس کی پڑتال کرے، شیخ رشید کو 6 ماہ بعد 9 مئی کے مقدمات میں کیسے نامزد کیا گیا۔
عدالت نے کہا کہ شیخ رشید کے 10 مقدمات کی تفصیل آگئی ہے جس کی کاپی آپ کو دی گئی ہے۔
بعد ازاں جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے درخواست کی سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ شیخ رشید کی جانب سے 9 مئی کے مقدمات کی تفصیلات دینے لیے لیے درخواست عدالتِ عالیہ میں دائر کی گئی تھی۔
شیخ رشید کی درخواست پر عدالت نے پنجاب حکومت سے مقدمات کی تفصیلات طلب کی تھیں۔
عدالت نے17 اکتوبر کو پنجاب حکومت اور آئی جی پنجاب کو نوٹس جاری کیے تھے۔