• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تعارف
سید اظہر حسنین عابدی ایک ماہر تعلیم اور کیریئر کونسلر ہیں جو تقریباً بیس سال سے زیادہ عرصے سے کونسلنگ کے شعبہ سے منسلک ہیں۔ وہ تعلیم کے موضوع پر ایک سو سے زیادہ قومی و بین الاقوامی سیمینارز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ سید عابدی نے12500سے زیادہ طلبہ کو ان کے بہتر مستقبل کے لئے اندرون ملک اور بیرون ملک مفید مشورے دیئے ہیں۔ ہزاروں بچوں نے ان کے ذریعے بے شمار وظائف حاصل کئے ہیں۔ ان کے ملکی اور غیر ملکی ہائی رینکنگ تعلیمی اداروں سے بھی رابطے میں آپ کو ان کی انہی خدمات کے صلے میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے تمغہ امتیاز بھی عطا کیا ہے۔
سید عابدی جنگ گروپ کے تعاون سے ہر ہفتے والدین، طالب علم، اساتذہ اور تعلیم کے شعبے سے منسلک افراد کے سوالوں کے جواب دیں گے اور آپ کو اس کالم کے ذریعے تعلیم کے شعبے کے بارے میں مفید مشورے فراہم کریں گےخاص طور پر کیریئر کونسلنگ کے بارے میں۔ بچوں کی بروقت کونسلنگ ان میں نہاں صلاحیتوں اور رجحان کو نہ صرف ابھارتی ہے بلکہ ان کی صلاحیتوں اور رجحان کے مطابق انہیں درست تعلیمی کیریئر کا راستہ بھی دکھاتی ہے۔ یہ کونسلنگ ان والدین کی بھی رہنمائی کرتی ہے جو بچوں کی مخفی صلاحیتوں اور رجحان کو جانے بغیر انہیں اپنی خواہشات کے مطابق تعلیمی کیریئر اختیار کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔
سید عابدی ماہر تعلیم اور ایجوکیشن کونسلر اس کالم کے ذریعے آپ کے سوالوں کا جواب دیتے ہیں۔ان سے رابطے کیلئے s.abidi@janggroup.com.pk پر ای میل کریں تاکہ آپ کے بچوں یا تعلیم سے منسلک آپ کے سوالوں کے جواب اور مفید مشورے فراہم کریں۔

س۔سر میںنے ایم بی اے فنانس 2009میں کراچی یونیورسٹی سے کیا ہے اور سرکاری آفیسر کی حیثیت سے ملازمت کررہا ہوں ۔میں چاہتا ہوں کہ بیرون ملک سے ایک سالہ ڈپلومہ کروں۔برائے مہربانی مجھے بتائیںکہ میں کس فیلڈ اور اسپیشلائزیشن اور کس ملک سے تعلیم حاصل کروں؟ (نوید ،کراچی)
ج۔آپ کے حق میں بہتر ہے کہ آپ ماسٹرز لیول کا کورس کریں بجائے اس کے کہ آپ کسی چھوٹے دورانیہ کے ڈپلومہ میں جائیںکیونکہ ماسٹرز کرنے کے بعد آپ کے پاس آگے بڑھنے کے خاطر خواہ مواقع موجود ہوں گے۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ ماسٹرز فنانشل رسک مینجمنٹ میں کریںکیونکہ اس کی مانگ اندرون و بیرون ملک دونوں میں ہے۔
س۔میں آپ کا کالم باقاعدگی سے پڑھتا ہوں میں ایک سوفٹ ویئر انجینئر ہوں اور میرا شوق ہے کہ میںکوڈنگ میں جائوں لیکن میں اس بات سے بہت پریشان ہوں کہ باوجود انتھک محنت کے میں کوڈنگ میں اچھے نتائج نہیں حاصل کر پاتا ۔آپ سے درخواست ہے کہ آپ میری رہنمائی فرمائیں کہ میں ایم ایس میں کس اسپیشلائزیشن کا انتخاب کروں۔(بشیر خان۔خیبر پختونخوا)
ج۔میں نہیں جانتا کہ آپ نے سوفٹ ویئر انجینئرنگ میں کون سی اسپیشلائزیشن کا انتخاب کیا ہے ۔ سوفٹ ویئر انجینئرنگ میں سب سے مضبوط ایریا انٹرنیٹ سیکیورٹی ہے اور اگر آپ ہارڈویئر کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں تو میرا یہ مشورہ ہو گا کہ آپ نیٹ ورک اور ڈسٹری بیوشن کا انتخاب کریں۔
س۔میں نے بی کام کیا ہے اور سی ایم اے- انٹر ‘کوسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاونٹنگ(ICMAP) سے کر رہا ہوں ۔فی الحال میں اسٹیج 5 کا طالبعلم ہوں اور یہ سی ایم اے کی سیکنڈ لاسٹ اسٹیج ہے۔سی ایم اے کے بعد مجھے کون سی انڈسٹری میں ملازمت اختیار کرنی چاہیے ۔ٹیکسٹائل،پٹرولیم اور پاور جنریشن یا ایف ایم سی جی اور مجھے یہ بھی مشورہ دیں کہ میں کون سی اسپیشلائزیشن کا انتخاب کروں،ٹیکسیشن ،فنانس یا کوسٹنگ؟ (فہد اشرف،لاہور)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ سی ایم اے مکمل کرنے کے بعد آپ پاور جنریشن یا انرجی کنزرویشن میں ملازمت تلاش کریںکیونکہ اس انڈسٹری میں فنانشل اسپیشلسٹ کی بہت مانگ ہے خصوصاََ وہ اسپیشلسٹ جن کا تعلق مینجمنٹ سے ہے اور جو فنانس سے متعلقہ پروجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔
س۔سر میں ایم کام یونیورسٹی آف سرگودھا کے لاہور کیمپس سے کر رہا ہوں مجھے آپ کی رائے اور مشورہ چاہیے کہ میں فنانس کی فیلڈ میں آگے کون سی اسپیشلائزیشن کا انتخاب کروں(عرفان احمد،لاہور)
ج۔ایم کام کرنے کے بعد آپ اکنامکس یا فنانس کے پوسٹ گریجویٹ کے لئے اپلائی کر سکتے ہیں اور میں یہ سجھتا ہوں کہ ایم کام میں آپ نے اکنامکس یقیناََ پڑھی ہو گی اور اگر آپ اپنی موجودہ ڈگری کے ساتھ اکنامکس اور فنانشل مینجمنٹ کا کمبینشن کرتے ہیں تو اس سے آپ کو کافی بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔
س۔میں بی بی اے COMSATS یونیورسٹی کے اسلام آباد کیمپس سے کر رہا ہوں برائے کرم مجھے راہنمائی فراہم کریں کہ میں ایم بی اے کروں اور اگر ہاں تو پاکستان سے یا بیرون ملک سے کروں؟ (اویس خان،اسلام آباد)
ج۔سب سے پہلے آپ بی بی اے مکمل کریں اور کوشش کریں کہ آپ ایک اچھا سی جی پی اے حاصل کریں۔میںآپ کو ایم بی اے کرنے کا مشورہ نہیں دوںگا کیونکہ یہ ڈگری ان لوگوں کے لئے ہے جن کے پاس مینجمنٹ کا تجربہ ہو۔اگر آپ پوسٹ گریجویٹ ڈگری کرنا چاہتے ہیں تو میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ ایم ایس کا انتحاب کریں اور اپنے شوق کو مدِنظررکھتے ہوئے آپ ان میں سے کسی ایک اسپیشلائزیشن کا انتحاب کر سکتے ہیں،انٹرنیشنل بزنس،مارکیٹنگ یا ہیومن ریسورس، بیچلرز مکمل کرنے کے بعد آپ کے لئے بہتر یہ ہو گا کہ آپ چند سال کے لئے ملازمت احتیار کریں اور پھر پوسٹ گریجویٹ اسٹڈیز کے لئے اپلائی کریں۔
تازہ ترین