محکمۂ اوقاف سندھ نے تمام مساجد میں خواتین کے نماز پڑھنے کی جگہ مختص کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
صوبائی وزیرِ قانون و اوقاف عمر سومرو کی صدارت میں محکمۂ اوقاف کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سیکریٹری اوقاف، ایڈیشنل سیکریٹری اوقاف اور دیگرافسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمر سومرو نے کہا کہ محکمۂ اوقاف کی 77 مساجد میں خواتین کے لیے علیحدہ جگہ مختص کی جائے، رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ مساجد کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا عمل تیز کیا جائے۔
وزیرِ قانون سندھ کا کہنا ہے کہ محکمۂ اوقاف دیگر محکموں سے مل کر مساجد اور مدارس کو رجسٹرڈ کریں، محکمۂ اوقاف، مذہبی امور اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل شروع کرے۔
انہوں نے کہا کہ علمائے کرام سے مشاورت کر کے مدارس میں تکنیکی مہارت کے پروگرام اور آئی ٹی کورسز بھی متعارف کروائے جائیں۔
سیکریٹری اوقاف نے بریفنگ میں بتایا کہ سندھ بھر میں 8903 مدارس رجسٹرڈ کیے ہیں، مزید مساجد اور مدارس کو رجسٹرڈ کرنے پر کام ہو رہا ہے۔