پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ میاں صاحب کبھی اِدھر دیکھتے ہیں اور کبھی اُدھر دیکھتے ہیں اور کہتے ہیں مجھے کیوں بلایا۔
لاہور میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ تین بار کے وزیراعظم اور ان کے سارے نمائندے عوام میں جانے سے گھبرا رہے ہیں، تم عوام میں جانے کے بجائے دفاتر کے چکر لگا رہے ہو۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا میں کھڑے ہو کر کہہ رہے ہیں کل الیکشن کرواؤ، شیروں کا شکاری آصف زرداری آج کل لاہور میں بیٹھا ہوا ہے۔
پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ سندھ میں جام صادق علی جیسا وزیر اعلیٰ رکھا گیا جس نے گلی گلی میں ٹارچر سیل بنائے تھے، جب مشرف نے آپ کو باندھ کر کراچی بھیجا تھا تو ہمارے مرد حر نے کہا تھا ان کا خیال رکھنا ہے۔
عبد القادر پٹیل نے مزید کہا کہ بچھو کی طرح ڈسنے کی آپ کی عادت نہیں جاتی، عدم اعتماد میں آپ کا کتنا حصہ تھا؟ ہم نے وزارتِ عظمیٰ کو پلیٹ میں سجا کر آپ کو دیا، ہم ملک کی خاطر آپ کے ساتھ کابینہ میں بیٹھے، پیپلز پارٹی کے تمام وفاقی وزراء نے بہترین کارکردگی دکھائی مگر آپ ملک کو نیچے کی طرف لے گئے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے قائد نے کہا وہ جیل سے نکلنے کے لیے سیاست کر رہا ہے اور یہ جیل سے بچنے کے لیے سیاست کر رہا ہے۔