کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپنر ساجد خان کو ڈیڑھ سال بعد ہنگامی طور پر آسٹریلیا طلب کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم اتوار کوکینبرا سے پرتھ پہنچ گئی۔ٹیم پیر کو واکا گراؤنڈ میںٹریننگ کرے گی۔ پہلا ٹیسٹ جمعرات سے کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ کے آغاز سے پہلے پاکستانی ٹیم کو پہلا دھچکہ اسپنر ابرار احمد کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے لگا ہے۔ اتوار کی شام پی سی بی نے اعلان کیا کہ لیگ اسپنر ابرار احمد پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں ۔ چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے ٹیم مینجمنٹ کی درخواست پر آف اسپنر ساجد خان کے نام کی منظوری دی ہے جو سفری دستاویز مکمل ہونے کے بعد پرتھ روانہ ہونگے۔ ابرار احمد نے پرائم منسٹر الیون کے خلاف چار روزہ میچ میں دائیں گھٹنے کے قریب پیر میں شدید درد کی شکایت کی تھی ۔ پیر کوان کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیکل ٹیم کی نگرانی ری ہبلیٹیشن جاری رہے گا ۔ ابرار احمد ٹیسٹ سیریز سے باہر نہیں ہوئے ہیں لیکن ان کی کنڈیشن دیکھتے ہوئے دوسرے ٹیسٹ سے قبل ان کی دستیابی کے بارے میں مزید تعین کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابرار احمد کے ایم آر آئی اسکین کی رپورٹ مل گئی ہے، ان کی انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ آسٹریلیا کے اسکواڈ میں لیفٹ ہینڈ بیٹر زیادہ ہیں اس وجہ سے آف اسپنر ساجد خان مضبوط امیدوار بنے ہیں۔