کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش میں چار رکنی کمیٹی میں سابق ہیڈ کوچ اور سلیکٹر عاقب جاوید کو بھی شامل کیا ہے۔ عاقب جاوید کی کوچنگ میں پاکستانی ٹیم نے خراب کارکردگی دکھائی۔ اب وہ نئے ہیڈ کوچ کے لئے مشاورت میں سب سے آگے ہوں گے۔ندیم خان کی جگہ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کے لیے عاقب جاوید مضبوط امیدوار ہیں اس بارے میں رسمی اعلان ہونا ہے۔ وہ سلیکٹر کی ذمے داریاں بھی نبھائیں گے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تلاش کے لیے چار رکنی کمیٹی کی تشکیل دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی میں چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید، بلال افضل سمیتسابق ٹیسٹ کرکٹرز اور سلیکٹرز عاقب جاوید اور اظہر علی شامل ہوں گے۔ کمیٹی تلاش کا عمل مکمل کر کے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو تجاویز دے گی۔ شارٹ لسٹ کیے جانے والوں میں نیوزی لینڈ کے مائیک ہیسن اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود سمیت 4 غیر ملکی اور دو ملکی کوچز شامل ہیں۔ مائیک ہیسن بنگلہ دیش کی سیریز میں ذمے داری سنبھالنے کے لئے مضبوط امیدوارہیں۔ ہیڈ کوچ کا تقررجلد کئے جانے کا امکان ہے۔