حب (نامہ نگار) گوادر کے طلبہ کیلئے مالی وظائف کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ضلع گوادر کے طلبہ فوری طور پر ماہانہ وظیفہ حاصل کر سکتے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر گوادر طفیل احمد بلوچ نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں پروفیشنل ڈگری کیلئے زیر تعلیم طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ماہانہ آٹھ سے دس ہزار روپے اسکالر شپ حاصل کرنے کیلئے اپنے تمام کوائف اور تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ جولائی کے پہلے ہفتے میں ان کے آفس میں جمع کرادیں تا کہ ان کے کاغذات کو جانچ پڑتا ل کے بعد میرٹ لسٹ کے تحت اسکالر شپ جاری کی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر طفیل احمد بلوچ نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے سے تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ کرنا چاہتی ہے اور ضلع گوادر کے مستحق طلبہ کو اسکالر شپ دینے کا ارادہ رکھتی ہے تا کہ ضرورت مند طلبہ کی مالی مدد کی جاسکے اور بلوچستان کے طلبہ بھی ملک کے دیگر علاقوں کے بچوں کی طرح زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کر سکیں ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ ضلع گوادر کے طلبہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا رجحان بہت زیادہ ہے اور حکومت بھی اس رجحان کو مزید فروغ دینا چاہتی ہے ۔