• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئین سے چھیڑ چھاڑ کرنے پرکارروائی ہونی چاہئے‘ کانفرنس مقررین

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) انسانی حقوق کی صورتحال آئے روز خراب ہوتی جا رہی ہے۔ عوامی و قومی حقوق کی بات کرنے والے سیاسی کارکنان ریاستی عتاب کا شکار ہوتے ہیں۔ اپنا حق مانگنا جرم نہیں‘ آزادی دی نہیں جاتی لی جاتی ہے۔ ہمیں ہر قربانی کیلئے تیار رہنا پڑیگا۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے عوامی ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے جموں کشمیر عوامی ورکرز پارٹی کے چیئرپرسن نثار شاہ ایڈووکیٹ، عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان کے مرکزی رہنما کامریڈ بابا جان، نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے افراسیاب خٹک، ترقی پسند دانشور امر لال سمیت ساجد کاشر، مدثر محبوب، ارباب ایڈووکیٹ، واجد ایڈووکیٹ، مجتبیٰ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے کہا کہ میڈیا پابندیوں کا شکار اور غیر اعلانیہ مارشل لاء جو نظر نہیں آتا لیکن محسوس ہو رہا ہے۔ کمیشن بنا کر بری الذمہ ہونے کی بجائے آئین سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ تاکہ آئین موثر اور ریاست مضبوط ہو۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جائز تنقید کو بھی دہشت اور نفرت پھیلانے کے دائرے میں شامل کرکے ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات لگانا انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے زمرے میں آتی ہے۔