لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا کا کہنا ہے کہ فخر زمان فخرِ لاہور قلندرز سے فخرِ پاکستان بنے اور یہ اب کیسے ہو سکتا ہے کہ وہ قلندرز فیملی کا حصہ نہ ہوں، وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 لاہور قلندرز کی جانب سے ہی کھیلیں گے۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سی ای او عاطف رانا نے کہا کہ پی ایس ایل ڈرافٹ کے لیے پُرجوش ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ پلیئر ڈویلپمنٹ کے لیے سارا سال کام کرتے ہیں اور اب پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
سی ای او عاطف رانا نے کہا کہ بڑے نام تو پہلے بھی پی ایس ایل میں نہیں تھے، وہ بڑے نام آئے جو کیریئر کے اختتام پر تھے، ہمارے اپنے بڑے نام ہیں اور ان کی وجہ سے پی ایس ایل بڑی ہے، شاہین آفریدی، حارث رؤف، فخر زمان، محمد رضوان اور بابر اعظم دنیا کے بڑے نام ہیں جو پی ایس ایل میں ایکشن میں ہوتے ہیں۔
عاطف رانا نے کہا کہ پی ایس ایل کو فینز کے درمیان میں ہونا چاہیے، جو سب سے اہم ہے اور ہم پی ایس ایل کا پاکستان میں ہی ہونا اہم سمجھتے ہیں۔