• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توہینِ الیکشن کمیشن: بانیٔ پی ٹی آئی و فواد چوہدری پر فردِ جرم کی کارروائی ملتوی

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں بانیٔ پی ٹی آئی اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پر فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی ملتوی کر دی گئی۔

اڈیالہ جیل میں توہینِ الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر الیکشن کمیشن نثار احمد درانی نے کی۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور بانیٔ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کے سماعت کرنے والے ممبرز کے سامنے پیش ہوئے۔

توہینِ الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کے موقع پر فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد اور وکیل ایڈووکیٹ فیصل چوہدری اڈیالہ جیل میں موجود تھے۔

بانیٔ پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی اڈیالہ جیل آئی تھیں۔

فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں بانیٔ پی ٹی آئی اور فواد چوہدری پر فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی آج ملتوی ہو گئی۔

انہوں نے بتایا کہ توہینِ الیکشن کمیشن کیس کی کارروائی 19 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

حبا فواد کا کہنا ہے کہ آج بھی بہت چل کر اندر جانا پڑا، آئی جی جیل خانہ جات کو اس مسائل کو بھی دیکھنا پڑے گا، فواد چوہدری کی موجودگی میں فیصل چوہدری کا رویہ ٹھیک نہیں تھا، فیصل چوہدری کے رویے پر انہیں عدالت لے کر جاؤں گی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ فواد چوہدری جیل سے الیکشن لڑیں گے، مہم کل سے میں خود چلاؤں گی، فواد چوہدری کے ٹکٹ پر کوئی اور الیکشن نہیں لڑے گا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے فردِ جرم عائد کرنے کے لیے جیل ٹرائل کی منظوری دی تھی۔

توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں ٹرائل سے متعلق محفوظ فیصلہ 6 دسمبر کو سنایا گیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید