پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین (پی ٹی آئی پی) کے چئیرمین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پر سائفر کیس میں فرد جرم عائد ہوگئی ہے اور ثابت ہوگیا کہ بانی پی ٹی آئی ملک کے ساتھ مخلص نہیں تھے۔
ضلع نوشہرہ کے قصبے اکوڑہ خٹک میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اقتدار کے حصول کی آڑ میں ملکی اداروں کے خلاف سازش میں مصروف عمل تھے۔
انھوں نے کہا یہ تبدیلی کے نام پر حکومت کے آنے کے بعد خود چوروں کے سردار بن گئے۔ بانی پی ٹی آئی نے وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر مال کماؤ کی پالیسی بنائی۔
انہوں نے کہا کہ عوام اس گمراہ کن ٹولے کے نرغے میں نہ آئیں۔ ڈی آئی خان میں سیکورٹی فورسز پر خود کش حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائےکم ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ 8 فروری کو مخالفین کو ناکوں چنے چبوائیں گے۔ مخالفین کی سوچ جہاں ختم ہوتی ہے، وہاں سے میری سیاسی سوچ شروع ہوتی ہے۔