مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو ٹریننگ کی ضرورت ہے تو شہباز شریف سے مفت ٹریننگ دلوا دیں گے۔
نہال ہاشمی نے پریس کانفرنس میں پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نے کہا بشیر میمن اور راؤ انوار نوازشریف کے جانثار ہیں جبکہ اصل بات یہ ہے کہ پیپلز پارٹی اپنا کرپشن کا سسٹم بچانا چاہتی ہے، سندھ میں لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔
اُنہوں نے بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے آپ کو وزیرخارجہ بنایا آپ سیر سپاٹے کرتے رہے، آپ نے عالمی سطح پر ملک کے لیے کچھ نہیں کیا، پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات بہتر نہیں ہوئے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو ذرداری کے پاس امیدوار نہیں، اس لیے الیکشن سے خوف زدہ ہیں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ راؤ انوار کے بیانات پر کمیشن بننا چاہیے اور تفتیش ہونی چاہیے۔