• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: شوہر نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی، پولیس



کراچی کے علاقے ملیر سٹی میں ایک شخص نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملیر سٹی گلشن قادری میں فلیٹ میں فائرنگ  کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں میاں بیوی ہلاک ہوگئے، واقعے میں شوہر نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی، فلیٹ سے ایک بچہ بھی ملا ہے۔

شہری نے فلیٹ کی گیلری میں کھڑے ہوکر خودکشی کی دھمکی دی تھی، وہ فلیٹ کی گیلری میں کھڑے ہوکر میڈیا کو بلانے کا کہتا رہا، نیچے کھڑے شہری نے خودکشی کرنے والے شخص کو سمجھانے کی بھی کوشش کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خودکشی کرنے والا شخص علاقے میں پرچون کی دکان چلاتا تھا، 3 دن قبل ہی بلڈنگ میں شفٹ ہوا تھا، پولیس کے موقع پر پہنچتے ہی تین فائر کرنے کی آواز آئی، عمارت کا دروازہ نیچے سے بند تھا، سیڑھی لگا کر پولیس اندر داخل ہوئی۔

متوفی کے چچا نے پولیس کو بیان میں بتایا کہ اس کا والد سے جھگڑا تھا، جبکہ نفسیاتی طور پر بھی حالت صحیح نہیں تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خودکشی کرنے والا شخص فلیٹ میں دوسری بیوی کے ساتھ رہائش پذیر تھا، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ( ایس ایس پی) ملیر طارق مستوئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہری مشکور نے بیوی کو مار کر خودکشی کی،  اس کا اپنے والدین اور بھائیوں کے ساتھ جائیداد کا تنازع چل رہا تھا، مشکور کے والدین نے اسے کریانہ کی دکان کھول کر دی تھی۔

 ایس ایس پی  کا کہنا ہے کہ مقتول کی دوسری شادی سے متعلق تفتیش کر رہے ہیں، استعمال کیا جانے والا پسٹل غیر قانونی ہے، رشتہ داروں کے مطابق مشکور نفسیاتی مسائل کا شکار تھا، مکان کا کر ایہ بھی مشکور کے والدین دے رہے تھے۔

قومی خبریں سے مزید