• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا؛ ہوٹل کمرے میں ہیئر ڈرائرکا استعمال، خاتون کو 1400 ڈالرز کا بل تھما دیا گیا

--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

آسٹریلوی خاتون کو کنسرٹ میں جانے سے قبل ہوٹل کے کمرے میں تیار ہونا مہنگا پڑ گیا۔ ہوٹل انتظامیہ نے 240 ڈالرز کی بجائے 1400 ڈالرز کا بل تھما دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی خاتون اس وقت حیران رہ گئی جب اس کے بینک اکاؤنٹ سے مقامی ہوٹل کی انتظامیہ نے غیر متوقع طور پر 1400 آسٹریلوی ڈالرز (تقریبا ڈھائی لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) وصول کیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے شہر پرتھ سے تعلق رکھنے والی خاتون نے مقامی ہوٹل میں قیام کیا، جہاں سے اسے کنسرٹ میں جانا تھا۔

کنسرٹ میں جانے سے قبل خاتون نے ہوٹل کے کمرے میں تیاری کی۔ اپنے بالوں کو خشک کرنے کے لیے ہیئر ڈرائر کا استعمال کررہی تھی کہ فائر الارم بجنے لگا جس پر فائر فائٹرز اس کے ہوٹل کے کمرے میں آگئے۔

تاہم جب انہیں اس بات کا علم ہوا کہ فائر الارم ہیئر ڈرائر کی وجہ سے بجا ہے تو وہ واپس چلے گئے لیکن انہوں نے اس جعلی فائر الارم کے لیے خاموشی سے جرمانہ عائد کر دیا۔

مذکورہ خاتون نے کنسرٹ کے بعد اگلے دن ہوٹل سے 240 آسٹریلوی ڈالرز کی ادا کرکے چیک آؤٹ کیا۔ اس کے 3 دن بعد خاتون اپنی بینک اسٹیٹمنٹ دیکھ کر حیران رہ گئی کہ ہوٹل انتظامیہ نے اضافی 1160 آسٹریلوی ڈالرز بھی وصول کئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون نے جب اس حوالے سے ہوٹل انتظامیہ سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ یہ اضافی رقم فائر ڈپارٹمنٹ نے جعلی فائر الارم کی وجہ سے چارج کی ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید