امریکی اسپیس ایجنسی ناسا نے سوشل میڈیا پر ایک بلی کی ویڈیو شیئر کی ہے جسے ایک بہت بڑا سنگ میل قرار دیا جارہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ ویڈیو ناسا کے لیزر کمیونیکیشن مظاہرے کے طور پر ایک کروڑ 90 لاکھ میل دور سے واپس بھیجی گئی ہے۔
مائیکرو بلانگ ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ناسا نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پیغام تحریر کیا کہ ہم نے آپ کےلیے ڈیپ اسپیس سے لیزر کی مدد سے پہلی الٹرا ایچ ڈی ویڈیو اسٹریم کی ہے۔
اس میں بتایا گیا کہ یہ ویڈیو ایک ٹیٹرز نامی بلی کی ہے۔
ناسا نے یہ بھی کہا کہ یہ تجربہ مریخ پر انسان بھیجنے جیسے مشن میں معاونت کےلیے ہائی ڈیٹا ریٹ کمیونیکیشن میں راہ ہموار کرے گا۔
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر ناسا پام میلوری کا کہنا ہے کہ ہماری مستقبل کی ڈیٹا ٹرانسمیشن کی ضروریات کو پورا کرنے کےلیے یہ ایک اہم کامیابی ہے جو آپٹیکل کمیونیکیشن کو آگے بڑھانے کےلیے ہمارا عزم واضح کرتی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ ویڈیو میں دکھائی جانے والی بلی کیلیفورنیا میں قائم جیٹ پروپلژن لیبارٹری (جے پی ایل) میں کام کرنے والے ایک ملازم کی پالتو بلی ہے جو ویڈیو میں ایک لیزر پوائنٹ کا پیچھا کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ جے پی ایل کیلیفورنیا میں قائم کردہ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ لیبارٹری ہے۔