• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ برس 2024ء کو آٹھ فروری الیکشن کے حوالے سے ستارے بدستور خاموش ہیں لیکن سال نو میں پاکستان کے سیاسی آسمان پرایک ایسے باہمت اور نڈر سیاستدان کا ستارہ ضرور چمکتا نظر آرہا ہے جسکا سنسکرت برج سمہا رشی ہے اورجنم دن کا اعدادی ہندسہ آٹھ ہے، ستاروں کی چال بتارہی ہے کہ کارمک سیارے زحل سے منسوب سال میں سمہا رشی برج میں جنم لینے والے عظیم سیاستدان کو اسلام آباد کا راج سنگھاسن حاصل کرنے سے کوئی نہیں روک سکے گا اور وہ سال 2024ء میں عوام کے دِلوں پر راج کرے گا۔ یہ پیش گوئیاں حالیہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں گزشتہ چند دنوں میں میری ہندو ویدک علم نجوم کے ماہر جوتشیوں سے تفصیلی گفتگو کے دوران سامنے آئیں۔ بلاشبہ الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ برس آٹھ فروری کو قومی انتخابات کے باضابطہ شیڈول کے اجراء سے ملکی سیاست پر چھائے غیریقینی کے بادل چھٹنے شروع ہوگئے ہیں ، اگلے چند روز میں آسمان مزید صاف ہوجائے گااور ستاروں کی چال پر نظر رکھنے والوں کیلئے صورتحال مزید واضح ہوتی چلی جائے گی۔ ہمارے خطے کی ہزاروں سالہ قدیم تاریخ میں راج سنگھاسن اور علم جیوتش /نجوم کا بہت گہرا تعلق ہے، ہندودھرم کے قدیم علم نجوم ویدک جیوتشیا کابراہ راست تعلق مقدس کتب ویدوں کے مطالعہ سے ہے، ویدک جیوتشی علم نجوم کی افادیت جدید دور میں پڑوسی ملک کی سپریم کورٹ نے بھی تسلیم کی ہے جسکے فیصلے کے بعد اب وہاں یونیورسٹیوں میں ہندو علم نجوم میں اعلیٰ ڈگری پروگرام پیش کیے جارہے ہیں۔ویدک تعلیمات کے مطابق، فلکیاتی کائنات میں موجود ستارے اور سیارے انسان کی زندگی پر بھرپور انداز میں اثرانداز ہونے کی اہلیت رکھتے ہیں، ایک انسان کی زندگی کا اصل مقصد روحانی سکون کا حصول ہے، انسان کی زندگی میں درست فیصلے اسے دیرپا سکون سے ہمکنار کرتے ہیں، اسی طرح غلط فیصلے کرنے والا نہ صرف خود پریشان ہوتا ہے بلکہ پورے معاشرے کی تباہی کا باعث بنتا ہے، برصغیر کے مختلف راجا، مہاراجہ اور حکمران ماہرین ِ نجوم کے مشوروں کو اہمیت دیا کرتے تھے۔حالیہ دنوں میں جب قومی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے گومگو کی صورتحال کا سامنا تھا تو مجھے ویدک علم نجوم کے ماہر جوتشی راج پنڈت اور عرفان الحق نے بتایا کہ انہیں ستاروں کی چال فروری میں الیکشن کیلئے موافق نظر نہیں آرہی ،تاہم ایک اور موقع پر خاتون جوتشی این بخش آٹھ فروری کو الیکشن کے انعقاد کیلئے پرامید نظر آئیں۔ جوتشیوں نے قومی سیاست کے نامور سیاستدانوں کا زائچہ بناتے ہوئے ا س امر پر اتفاق کیا کہ عمران خان کے ستارے 2024ء میں بھی بدستور گردش میں رہیں گےوہ ملکی سیاسی منظرنامہ پر کوئی نمایاں اثرات مرتب کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے،نواز شریف کی وطن واپسی شہباز شریف کیلئے تخت ِلاہور کے حصول کیلئے تو سودمند ثابت ہوسکتی ہے لیکن خود انکے اپنے لئے نہیں، جوتشیوں کا مزید کہنا ہے کہ سال 2024سیارہ زحل سے متاثر ہونے والا سال ہے جسے کرما، صلے اور انعامات کا سیارہ کہا جاتا ہے، اس سال ہر انسان کو اچھے کرموں کا اچھا بدلہ ملے گا،علم نجوم میں سیارہ زحل ہندو دھرم کی تعلیمات کارما کی عکاسی کرتا ہے، یہ تکبر اور غرور کرنے والوں کو عرش سے فرش پر پھینک ڈالتا ہے اورصحیح وقت پر صحیح فیصلے کرنے والوں کے قدموں میں کامیابیاں نچھاور کرسکتا ہے۔ سالِ نو کے مزید دستیاب زائچوں کے مطابق 2024ء میں خوش قسمت ترین برجوں میں سمہا رشی سرفہرست ہے جسے انگریزی آسٹریالوجی میں لیو اور اردو میں برج اسد کہا جاتا ہے، سمہا رشی قدرتی لیڈر ہوتے ہیں جو اپنی خوبصورت مسکراہٹ کے ساتھ دوسروں کو حیران کر دیتے ہیں اور لوگوں کے دلوں پر حکومت کرتے ہیں،ستاروں کی چال برج سمہارشی /لیومیں جنم لینے والوں کیلئے شاندار کامیابیوں سے بھرپورسال کی طرف اشارے کررہی ہے۔ ہر سال کا اپنا مخصوص نمبر ہوتا ہے،اس نمبر کاہر انسان کے نمبر سے تعلق زندگی پر مختلف نوعیت کے اثرات مرتب کرتا ہے اور حالات و واقعات کے تناظر میں یہ نمبر خوش قسمتی اور کامیابی کا باعث بنتاہے، سال 2024ء کے اعدادی شماریات کا نمبر 8ہے جس میں 2کا ہندسہ دو مرتبہ استعمال ہوا ہے، پاکستان میں سال 2024 کے دوسرے مہینے 8 فروری کو منعقدہ الیکشن میں کامیابی کا انحصار اس پر بھی منحصر ہے کہ 8 اور 2کا ہندسہ کسی بھی سیاستدان کے اعداد سے اپنا تعلق کیسے نبھاتا ہے۔ میں نے جب ان تمام جوتشیوں کی پیش گوئیوں اور علم الاعداد کا تجزیہ کیا تو میرے ذہن میں ایک ہی بڑے ملکی سیاستدان کانام آیا جسکا برج سمہارشی /لیو ہے، جسکے جنم دن 26جولائی کا اعدادی نمبر آٹھ ہے اور اسکے سال پیدائش 1955ء کا اعدادی نمبر 2ہے ، ایک ایسا سیاستدان جس نے اپنی زندگی میںبے شمار مشکلات اور چیلنجز کا مردانہ وار مسکراکر مقابلہ کیا ،جو اپنی انتھک جدوجہد کے نتیجے میں کارمک سیارے زحل کے سال میں اسلام آباد کے راج سنگھاسن پربیٹھنے کا حقدار ہے ،وہ آصف علی زداری ہیں جنکے سیاسی ستارے کے سامنے باقی سب ستاروں کی چمک مانند ہے۔ میری مالک سے پراتھنا ہے کہ آئندہ الیکشن پاکستان کی ترقی و سلامتی کیلئے نیک شگون ثابت ہوں۔

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین