• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ: فلسطینی لڑکی کی موسیقی کے ذریعےخوفزدہ بچوں کا دھیان بٹاتے ویڈیو وائرل


فلسطینی لڑکی رویا حسونہ کی غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں سے خوفزدہ بچوں کا دھیان موسیقی سے بٹاتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوگئی۔

رفح کے ایک کیمپ سے رویا حسونہ کی ’اوڈ‘ بجاتے ہوئے میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ان کے ارد گرد کافی سارے بچے بھی بیٹھے ہوئے نظر آ رہے ہیں جو ان کے ساتھ مل کر گنگنا رہے ہیں اور موسیقی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

اس حوالے سے رویا حسونہ کا کہنا ہے کہ کوئی بھی بچہ میری موسیقی سے لطف اندوز ہوسکتا ہے، میرے ساتھ مل کر گنگنا سکتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں میرا یہ اقدام بہترین ہے کیونکہ جب بچے موسیقی سنتے ہیں تو ان کا دھیان جنگی جہازوں کی خوفناک گھن گرج کی طرف سے ہٹ جاتا ہے اور وہ میرے ساتھ مل کر گنگناتے ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ میں سر پر ہر وقت اڑتے جنگی جہازوں کی گھن گرج نے فلسطینی بچوں کے دلوں میں خوف پیدا کر رکھا ہے۔

 بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 20 ہزار ہوگئی ہے جس میں 8 ہزار بچے اور 6 ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔