امریکی ریاست مشی گن سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ خاتون گریس شمشیک کی اپنی نومولود بیٹی کے ہمراہ گریجویشن کی ڈگری وصول کرتے ہوئے تصویر وائرل ہوگئی ہے۔
گریس شمشیک کی کونووکیشن کی تقریب سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اُنہوں نے اپنے گریجویشن گاؤن میں اپنی نومولود بیٹی کو اپنے سینے سے لپٹایا ہوا ہے۔
اس حوالے سے گریس شمشیک کا کہنا ہے کہ میں نے اس ڈگری کے لیے سخت محنت کی تھی اور میں کونووکیشن کی تقریب میں اپنی باقی کلاس کے ساتھ شریک ہونا چاہتی تھ لہٰذا میں اپنی نومولود بیٹی کو بھی اپنے ساتھ تقریب میں لے آئی۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس وائرل تصویر کو بہت پسند کیا جا رہا ہے اور باہمت امریکی خاتون کے بلند حوصلے کی خوب تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ میرا یہ اقدام دوسری ماؤں کی بھی اسکول واپس جانے اور تعلیم حاصل کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کرے گا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اصل میں گریس شمشیک کے ہاں بیٹی کی پیدائش 15 دسمبر کوان کی گریجویشن کی تقریب کے بعد ہونی تھی لیکن غیر متوقع طور پر ان کے ہاں بیٹی اینابیل کی پیدائش 6 دسمبر کو پیدائش کے متوقع وقت سے پہلے ہوگئی۔