جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے، ایک جوڑا ایک ہی دن پیش آنے والے دو مختلف طیاروں کے حادثات میں معجزاتی طور پر زندہ بچ گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 30 سالہ اسٹیفانو پیریلی اور ان کی 22 سالہ منگیتر انتونیٹا ڈیماسی نے ہوائی جہاز میں اٹلی کے شہر ٹورین جانے کا منصوبہ بنایا لیکن سفر کے لیے یہ دونوں الگ الگ نجی طیاروں میں سوار ہوئے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اسٹیفانو پیریلی نے نجی کمپنی کی خدمات حاصل کیں تاکہ وہ اپنی منگیتر کو ہوائی جہاز کا سفر کروا سکیں کیونکہ انہوں نے اس سے قبل کبھی ہوائی جہاز کا سفر نہیں کیا تھا۔
واضح رہے کہ مذکورہ نجی کمپنی مختصر سفر کے لیے 2 سیٹر طیارے پائلٹ کے ہمراہ فراہم کرتی ہے تاکہ شائقین ہوائی سفر کا تجربہ کرسکیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلے اسٹیفانو پیریلی کے طیارے نے اُڑان بھری اور پھر اسی دن کچھ وقت کے فرق سے ان کی منگیتر انتونیٹا ڈیماسی کا طیارہ بھی ٹورین کے لیے روانہ ہوگیا۔
اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد اسٹیفانو پیریلی کا طیارہ گرگیا جبکہ اس سے کچھ میل کے فاصلے پر موجود انتونیٹا ڈیماسی کے طیارے کو بھی حادثہ پیش آگیا۔
تاہم فائر فائٹرز نے دونوں حادثوں کی جگہ پر فوری طور پر پہنچ کر ناصرف اس جوڑے بلکہ ان کے پائلٹس کی بھی جان بچائی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان حادثوں میں اسٹیفانو پیریلی اور ان کا پائلٹ محفوظ رہا تاہم ان کی منگیتر اور ان کے پائلٹ حادثے میں زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ اب ان دونوں کی حالت بہتر ہے۔