بھارت کی معروف متنازع اداکارہ کنگنا رناوت نے باقاعدہ طور پر سیاست میں قدم رکھ دیا ہے، کنگنا آئندہ سال بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ سے الیکشن لڑیں گی۔
یاد رہے کہ کنگنا رناوت ماضی میں متعدد بار مودی حکومت، اُن کے نظریات اور نگراں جماعت بی جے پی کی حمایت میں بولتی رہی ہیں، اداکارہ کئی بار مودی کے اقدامات اور اُن کے نظریاتی مؤقف کی بھی تعریف کر چکی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کنگنا رناوت آئندہ سال، 2024ء میں بھارت میں ہونے والے عام انتخابات میں باضابطہ طور پر حصہ لیں گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کے والد نے اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ کنگنا رناوت آئندہ سال بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ٹکٹ سے الیکشن لڑ کر اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کریں گی۔
یاد رہے کہ اداکارہ کنگنا رناوت نے گزشتہ ہفتے بی جے پی کے نیشنل پریزیڈنٹ جے پی نڈا سے ملاقات کی تھی جس کے بعد سے اُن کے سیاست میں آنے کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔
اس سے قبل بھی کنگنا رناوت نے چند انٹرویوز میں سیاست میں آنے کا اشارہ دیا تھا۔