بھارت کی ریاست اُڑیسہ میں سیاہ رنگ کے نایاب ٹائیگر پائے جاتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق جمعرات کو پارلیمنٹ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ملک میں سیاہ رنگ کے کل 10 نایاب ٹائیگر ریاست اُڑیسہ کے سمیلی پال نیشنل پارک میں پائے گئے ہیں۔
مرکزی وزیرِ مملکت برائے ماحولیات اشوینی کمار چوبے نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ بھارت میں سیاہ رنگ کے نایاب میلانسٹک ٹائیگرز صرف اُڑیسہ کے سمیلی پال نیشنل پارک میں پائے جاتے ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ پین انڈیا ٹائیگرز کے 2022ء کے تخمینے کے مطابق سمیلی پال نیشنل پارک میں 16 ٹائیگرز موجود ہیں جن میں سے 10 سیاہ رنگ کے نایاب چیتے ہیں۔
اشوینی کمار چوبے نے یہ بھی بتایا ہے کہ جینیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ان ٹائیگرز کے جسم پر سیاہ رنگ کی دھاریاں موجود ہیں جو انہیں دوسرے ٹائیگرز سے منفرد بناتی ہیں۔