پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر میر حمزہ نے کہا ہے کہ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کی پِچ فاسٹ بولرز کو مدد دے رہی ہے۔
میلبرن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میر حمزہ نے کہا کہ 16 وکٹیں لے چکے، کوشش ہوگی مزید 4 وکٹیں بھی لیں، کل پہلے سیشن میں جلد وکٹیں لے کر ہدف کم کرنے کی کوشش کریں گے۔
میر حمزہ نے کہا کہ ٹریوس ہیڈ کو آؤٹ کرنا اچھا لگا، وہ آؤٹ سوئنگ کا سوچ رہے تھے، میں نے اِن سوئنگ سے انہیں آؤٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ فاسٹ بولر سیم سے اور کچھ رفتار سے سوئنگ کرتے ہیں، اصل بات یہ دیکھنا ہوتی ہے کہ بیٹر کون سے بولرز سے پریشان ہو رہا ہے۔
میر حمزہ نے کہا کہ عبداللّٰہ شفیق سے کیچ ڈراپ ہوا یہ کھیل کا حصہ ہے، پاکستان کے لیے کھیلنا اعزاز کی بات ہوتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلنے کا خواب تھا، یادگار لمحہ یہی ہوسکتا ہے کہ ہم آسٹریلیا کو ہرائیں۔
واضح رہے کہ میلبرن ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 6 وکٹ پر 187 رنز بنا کر پاکستان کے خلاف 241 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔