بھارتی شہری کو روس سے تعلق رکھنے والی اپنی اہلیہ کے ساتھ بھارت آنا مہنگا پڑ گیا۔
بھارت کے شہر اُدے پور میں بھارتی شہری کی روسی اہلیہ کو ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یوٹیوبر نے اپنی ایک ویڈیو میں انکشاف کیا ہے کہ کچھ مردوں کے ایک گروپ نے اُدے پور کے سٹی پیلس میں اس کی بیوی لیزا اور 2 سالہ بیٹے کا پیچھا کیا اور نامناسب جملے کسے۔
متھیلیش بیک پیکر نامی شخص نے ہراسگی کا یہ سارا واقعہ ریکارڈ کیا اور بعد ازاں اس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔
متھیلیش بیک پیکر نے ہراساں کرنے والے شخص کو پولیس بلانے کی دھمکی بھی دی تاہم وہ کیمرے کے سامنے انکار کرتا رہا۔
بھارتی شہری نے دعویٰ کیا کہ سٹی پیلس کی سیکیورٹی نے میری مدد کرنے کے بجائے معاملہ رفع دفعہ کرنے کا کہا۔
انہوں نے بھارت میں خواتین کے ساتھ رویے، سیکیورٹی اور لوگوں کے خیالات پر سخت تنقید بھی کی۔
سوشل میڈیا پر روسی خاتون کو ہراساں کرنے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد اس واقعے پر تنقید اور غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں کئی غیر ملکی خواتین سیاحوں کے ساتھ بدتمیزی، ہراساں اور چھیڑ چھاڑ کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔