• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’پارٹی میں مصروف ہوں دفتر نہیں آسکتا‘، ملازم کا واٹس ایپ اسکرین شارٹ وائرل

وائرل واٹس ایپ میسج کا اسکرین شاٹ
وائرل واٹس ایپ میسج کا اسکرین شاٹ

اکثر ملازمین کے لیے اپنے باس سے چھٹی کی درخواست کرنا ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے اور اس سے بھی مشکل اس وقت پیش آتی ہے جب باس کو چھٹی کی وجہ بتانی پڑ جائے۔

بیشتر افراد کبھی بیماری تو کبھی کسی کام کے سلسلے میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر چھٹی مانگتے نظر آتے ہیں لیکن سوشل میڈیا پر اس وقت ایک ایسا واٹس ایپ کا اسکرین شاٹ وائرل ہے جس میں پارٹی کے لیے چھٹی طلب کی گئی ہے۔

ملازمین و ملازمت کی تلاش کے لیے استعمال ہونے والے پلیٹ فارم لنکڈ ان پر ایک نجی کمپنی کے انکت اگروال نامی سی ای او نے موصول ہونے والے واٹس ایپ پیغام کے اسکرین شاٹ کے ساتھ پوسٹ شیئر کی۔



مذکورہ اسکرین شاٹ میں کمپنی کے سی ای او کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ مجھے ’لیٹ نائٹ پارٹی‘ کی چھٹی چاہئے، کیونکہ پچھلی رات کنسرٹ میں گیا تھا اور کنسرٹ کے بعد پارٹی اب تک چل رہی ہے‘۔

اسکرین شاٹ کے مطابق یہ پیغامات صبح تقریباً 5 بجے کے قریب ارسال کیے گئے تھے۔   

انکت اگروال نے بتایا کہ مذکورہ واٹس ایپ میسج آج صبح مجھے موصول ہوا ہے، جس میں ایک ملازم لیٹ نائٹ پارٹی کے لیے چھٹی مانگ رہا ہے کیونکہ اس کی پارٹی اور پارٹی کے بعد کی محفل صبح تک جمی رہی ہے۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے ملازم کی صداقت کو پسند کرتے ہوئے لکھا کہ اپنی ٹیم کو اتنی آزادی دینی چاہئے کہ وہ آپ پر مکمل بھروسہ کرسکیں اور انہیں یقین ہو کہ آپ بھی ان کی حمایت کریں گے۔

کمپنی کے سی ای او نے مزید لکھا کہ جب ساتھی ایک دوسرے کے ساتھ کھل کر اور ایمانداری سے رہنے میں راحت محسوس کرتے ہیں تو ایک دوسرے پر اعتماد بڑھتا ہے اور یہ ہی ان کے درمیان بہتر مواصلات، تعاون اور مجموعی کامیابی کا باعث بنتا ہے۔

انکت اگروال کی جانب سے شیئر کیا گیا اسکرین شاٹ دیکھتے ہی دیکھتے لنکڈ ان پر وائرل ہوگیا اور اس کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے دیگر صارفین نے اپنے خیالات کا بھی اظہار کیا بعض نے ایسی صداقت کو پسند کیا تو بعض نے مشورہ دیا کہ اتنی سچائی اسی باس کے سامنے بولیں تو اسے قبول کرسکے کیونکہ ہر کوئی آپ کو سمجھ نہیں سکتا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید