افغان عبوری حکومت کا سینئر وفد اسلام آباد پہنچ گیا۔ وفد کی قیادت سینئر افغان طالبان رہنماء اور گورنر قندھار کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق افغان عبوری حکومت کا وفد 9 سے 10 اراکین پر مشتمل ہے جس میں افغان وزارت دفاع، اطلاعات اور انٹیلی جنس حکام شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد دورے کے دوران پاکستانی حکام سے دو طرفہ مذاکرات کرے گا۔ مذاکرات پاک افغان جوائنٹ کوآرڈنیشن کونسل کے مشترکہ اجلاس میں ہوں گے، جو کل اسلام آباد میں ہوگا۔
اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس اور دیگر ملاقاتوں میں پاک افغان تناؤ میں کمی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
افغان وفد کل پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آصف درانی سے بھی ملاقات کرے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام کالعدم گروہوں کی جانب سے افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال کا معاملہ اٹھائیں گے۔