پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ الیکشن میں رکاوٹ دور کرنے کے لیے سپریم کورٹ اپنا کردار ادا کرے۔
اسلام آباد میں پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دی تھی کہ بلے کا نشان بحال کیا جائے، 2 تاریخ کو اٹارنی جنرل نے کہا کہ میں عدالت میں نہیں تھا۔
ان کا کہنا ہےکہ آج ہم نے درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی، نمبر الاٹ ہو چکا، عدالت سے درخواست کی ہے کہ سماعت کریں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر لوگ آزاد حیثیت سے لڑکر الیکشن جیتیں گے تو ہار سسٹم کی ہو گی، سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ دیں، اسی وجہ سے جدوجہد کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ ہمارا نشان واپس کیا جائے، پھر الیکشن کمیشن نے درخواست دی کہ یہ ریلیف واپس لیا جائے، کل الیکشن کمیشن کی استدعا منظور ہوئی تو آج اسے چیلنج کیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ نشان کے بغیر انتخابات سے خصوصی نشستوں کا کیا ہو گا؟ آج بلے کے نشان کے لیے درخواست سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں سے محرومی سے ہارس ٹریڈنگ کو فروغ ملے گا، مضبوط ریاست کو فروغ دینے کے لیے شفاف انتخابات اہم ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہمیں سب سے زیادہ چیلنجز کا سامنا ہے، بلے کا نشان کسی کو الاٹ ہو چکا تو دوسری پارٹی کو دوبارہ نہیں مل سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہمیں بلے کا نشان واپس مل جائے، سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ ہماری درخواست کی جلد سماعت کریں۔
چیئرمین تحریکِ انصاف نے یہ بھی کہا کہ ہماری پہلی کوشش ہے کہ بلے کا نشان واپس مل جائے، ہم ایک ہی انتخابی نشان واپس مانگ رہے ہیں لوگ کنفیوژ نہیں ہونے چاہئیں، جتنے کاغذات مسترد کیے گئے وہ عدالت کے پاس جانے سے بحال ہو جائیں گے۔