• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کا فیصلہ اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف آیا، مریم اورنگزیب

فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تاحیات نا اہلی کا فیصلہ آئین کے خلاف تھا۔ 

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کسی لاڈلے کو صادق اور امین کے سرٹیفکیٹ بانٹے اور کسی کو سزا دی گئی۔ آج کا فیصلہ اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف آیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک کا ناقابل تلافی نقصان ہوا۔ نواز شریف نے مشکل وقت میں فیصلہ اللّٰہ تعالیٰ پر چھوڑا تھا۔ نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے تاحیات نااہلی کی عدالتی ناانصافی کا سیاہ باب ختم ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کی من چاہی تشریح کے ذریعے پاکستان اور عوام کو مہنگائی، معاشی تباہی اور بین الاقوامی رسوائی کی دلدل میں دھکیلا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیاہ کردار آج عدالت، عوام اور وقت کے کٹہرے میں مجرم قرار پائے۔ سیاسی و ذاتی مفادات کی خاطر عوام اور ترقی کرتے پاکستان کی بنیادیں تک ہلا ڈالیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاڈلے کو ’صادق اور امین‘ کا جعلی سرٹیفکیٹ دینے کے لئے منتخب وزیراعظم کو ہٹانے کی سازش کی گئی۔ آج یہ کہنا درست ہے کہ وتعز من تشاء و تزل من تشاء۔ قائد نواز شریف اور عوام کو مبارک ہو۔

قومی خبریں سے مزید