گزشتہ دنوں امریکا کی الاسکا ایئر لائنز کی پرواز اس وقت شہہ سرخیوں کا حصہ بنی جب دوران پرواز طیارے کا دروازہ اور کھڑکی ٹوٹ گئی، جس کی وجہ سے اسے ہنگامی بنیاد پر لینڈ کروانا پڑا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب خبر سامنے آئی ہے کہ مذکورہ پرواز اے ایس اے 1282 کے دوران دروازہ اور کھڑکی ٹوٹنے سے فون سمیت چند دیگر اشیا 16 ہزار فٹ کی بلندی پر فضا میں اُڑگئی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ طیارہ اوریگن سے کیلیفورنیا جا رہا تھا جس کا دروازہ اچانک اُڑ گیا اور بعدازاں کھڑکی چکنا چور ہوگئی تھی، اسی اثناء میں ایک آئی فون (جس کا ماڈل واضح نہیں) 16 ہزار فٹ کی بلندی پر فضا میں اُڑ گیا تھا جو درست اور فعال حالت میں برآمد ہوگیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سیناتھن بیٹس نامی صارف نے چند تصاویر کے ساتھ پوسٹ شیئر کی۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ سڑک کے کنارے ایک آئی فون ملا ہے جو اب بھی ایئر پلین موڈ پر ہے اور 16 ہزار فٹ کی بلندی سے گرنے کے باوجود بالکل ٹھیک ہے۔
انہوں نے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ سے رابطہ کرکے اس بارے میں بتایا تو بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ طیارے سے گرنے والا دوسرا فون ہے جو ملا ہے لیکن طیارے کا دروازہ اب تک نہیں ملا۔
سوشل میڈیا صارف کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ آئی فون حیران کن طور پر اتنی بلندی سے گرنے کے باوجود ناصرف بچ گیا بلکہ اس کی 50 فیصد بیٹری بھی باقی تھی اور ایس او ایس موڈ بھی کام کر رہا تھا۔
واضح رہے کہ اس حادثے کے بعد الاسکا ائیر لائنز نے عارضی طور پر تمام بوئنگ 737 میکس 9 طیاروں کا آپریشن معطل کر دیا تھا۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں طیارے میں سوار 171 مسافر اور 6 کریو ممبرز میں سے کسی کو نقصان نہیں پہنچا تھا۔