پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی الیکشن میں گڑبڑ کی، عدالت میں کیس بھی ٹھیک نہیں لڑا۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہو سکتا ہے پی ٹی آئی کو اپنی غلطیوں کی وجہ سے دوسرے نشان پر الیکشن لڑنا پڑے۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سب لوگ انتخابی مہم شروع کریں، غلط فہمی میں نہ رہیں کہ الیکشن نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ ایک جیل سے بچنا چاہتا ہے اور دوسرا جیل سے نکلنا چاہتا ہے، ہمارے اور دیگر جماعتوں کے نظریے میں فرق ہے۔
چیئرمین پییلز پارٹی کا کہنا ہے کہ دیگر جماعتیں امیروں کو ریلیف اور عوام کو تکلیف دیتی ہیں، کوشش ہے پیپلز پارٹی کا وزیراعظم بنے، ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ ملے یا نہ ملے ہم اپنا بندوبست کر لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے الیکشن میں بانی پی ٹی آئی دھاندلی کرنے میں کامیاب ہوئے، پیپلز پارٹی ڈرنے اور جھکنے والی نہیں مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے، سکھر کی طرح ملتان میں بھی صحت کے ادارے بنائیں گے، بے نظیر مزدور کارڈ کے ذریعے مزدوروں کی مالی مدد کرنا چاہتے ہیں، نوجوانوں کو تعلیم اور جو بھی ضرورت ہوگی پوری کی جائے گی، خواہش ہے ہم عوام کے لاڈلے بنیں، عوام طاقت کا سرچشمہ ہیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ دوسرے اِدھر اُدھر دیکھ رہے ہیں، میں آپ کی طرف دیکھ رہا ہوں، ہمارے اور دیگر جماعتوں کے نظریے میں فرق ہے، پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو سب کی نمائندگی کرتی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، ہم 8 فروری کو سرپرائز دیں گے، لوگوں کو اپنی الیکشن مہم شروع کرنی چاہیے، غلط فہمی میں نہ رہیں کہ الیکشن نہیں ہوں گے۔