مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور این اے 122 کے امیدوار خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ دھرنوں کی سازش نہ کی جاتی تو پاکستان ٹریک پر چڑھ چکا ہوتا۔
لاہور میں کارنر میٹنگ سے خطاب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چاہتے ہیں الیکشن میں 8 فروری سے ایک گھنٹا بھی تاخیر نہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ واضح ہو جانا چاہیے کہ مانگ تانگ کر ملک نہیں چلایا جا سکتا، دھرنوں کی سازش نہ کی جاتی تو پاکستان ٹریک پر چڑھ چکا ہوتا۔
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ 2017 میں نواز شریف کو ڈی کوالیفائی کرنے والے قوم کے مجرم ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے معاہدے کی مدت بھی صرف چند ماہ ہے، جس سے معاملات طے کرنے کےلیے منتخب حکومت ضروری ہے۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پہلی بار سنا کہ پیسے دے کر لوگ پنجاب میں تعینات ہوتے تھے، گورنر ہاؤس میں یونیورسٹی، 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کاجھوٹ بولا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جب یہ فتنہ آیا تو تماشے پر تماشا لگا رہا، قوم ووٹ دے، ہم روزگار لائیں گے اور پاکستان کوٹریک پر لائیں گے۔