پاکستان تحریک انصاف نظریاتی پارٹی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں پتہ کہ پی ٹی آئی امیدواروں نے ہماری ٹکٹیں کہاں سے لیں۔
لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نظریاتی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمارے جعلی ٹکٹ جمع کروائے ہیں، پی ٹی آئی نظریاتی کے امیدواروں کو ٹکٹ میں نے خود جاری کیے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نظریاتی نے کہا کہ پی ٹی آئی این کا اپنا منشور، اپنا آئین ہے، ہمارا نعرہ کرپشن کی سزا موت ہے، کسی پارٹی کا امیدوار دوسری پارٹی کا پلیٹ فارم استعمال نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار پی ٹی آئی این کے ٹکٹ لے کر آر اوز کے پاس جا رہے تھے، مجھے حیرانی ہوئی کہ کہاں سے یہ پی ٹی آئی این کے ٹکٹ لے کر جا رہے ہیں، مجھے نہیں علم پی ٹی آئی کے امیدواروں نے پی ٹی آئی این کے ٹکٹ کہاں سے لیے۔
اختر اقبال ڈار نے کہا کہ ہم آر اوز کو تحریک انصاف نظریاتی کے امیدواروں کی فہرست دیں گے، 2018 میں جو ٹکٹ ایشو کیے تھے وہی ٹکٹ آج ایشو کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ چند سالوں میں محسوس کیا کہ شفافیت اور سچائی پی ٹی آئی میں نہیں، صحیح سمت کی طرف جانے والوں کے لیے پی ٹی آئی این بنائی، تحریک انصاف نظریاتی کا اپنا منشور اور پروگرام ہے۔
اختر اقبال ڈار نے یہ بھی کہا کہ جب تک سزا اور جزا کا نظام لیکر نہیں بڑھیں گے ملک آگے نہیں جا سکتا، الیکشن کا دور ہے تمام جماعتوں کے لیڈران وعدے اور دعوے لیکر عوام میں جا رہے ہیں، ہمارے ٹکٹ پر بلے باز کا نشان واضح ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی ٹکٹ سے متعلق ہمارا کسی جماعت سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا، الیکشن کمیشن کا کام ہے کہ جنھوں نے جعلسازی کی ان کو پکڑے، ہم نے ملتان فیصل آباد میں امیدواروں کو ٹکٹیں جاری کی ہیں، پی ٹی آئی میں دھونس دھاندلی دیکھ کر اس سے الگ ہو گیا تھا۔