عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ چلہ بھی کاٹا اور قربانی بھی دی لیکن کوئی پریس کانفرنس نہیں کی۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اپنے خلاف ہونے والے کیسز پر اف تک نہیں کی، معاملہ اللّٰہ پر چھوڑ دیا، ہمارے خلاف 19 کیسز کی آج سماعت ساڑھے 11 بجے ہو گی۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ قلم دوات کے نشان پر 8 فروری کو دو حلقوں میں اکثریت سے جیتیں گے، راولپنڈی کے لوگوں کو احساس ہے کہ خدمت کس کا نام ہے اور کس نے کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار ہوا تو میں اور راشد شفیق دونوں جیل سے قلم دوات کے نشان پر الیکشن لڑیں گے، ساری قوم کو کہنا چاہتا ہوں اگر آج پولیس نے گرفتار کیا تو جیل سے الیکشن لڑیں گے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ہم نے پنڈی کی پگھ پر داغ نہیں لگنے دیا اور اب ووٹ ڈالنا آپ کا کام ہے، عوام کو مہنگائی اور بیروزگاری کے جہنم میں پھینکا گیا اس کا بدلہ لینے نکلے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک چیز کلیئر کرنا چاہتا ہوں کہ کبھی کسی کے خلاف پریس کانفرنس نہیں کی، کبھی کسی کے خلاف غلط بات کی اور نہ میں کروں گا۔