بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف توہین چیف الیکشن کمشنر کیس میں فرد جرم کا متن منظر عام پر آگیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی طرف سے عائد کی گئی فرد جرم کے متن میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کو اسکینڈلائز کرنے کی کوشش کی۔
فرد جرم کے متن میں مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی تقریر کے الفاظ اور رویہ توہین آمیز تھا، انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کو نفرت، تضحیک اور حقارت کا نشانہ بنایا۔
توہین چیف الیکشن کمشنر کیس کی فرد جرم کے متن میں یہ بھی کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی آئین کے آرٹیکل 204، توہین عدالت آرڈیننس کے سیکشن 3 کے تحت توہین کے مرتکب ہوئے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی پر توہین چیف الیکشن کمشنر کیس میں فرد جرم 3 جنوری کو عائد کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں الیکشن کمیشن نے توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری پر فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔
کیس کی سماعت الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ نے اڈیالہ جیل میں کی تھی، الیکشن کمیشن کی جانب سے فردِ جرم کمرہ عدالت میں پڑھ کر سنائی گئی تھی۔
اس موقع پر بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے، ملزمان نے چارج شیٹ میں لگے الزامات سے انکار کیا تھا۔