• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران عباس کا ٹام کروز سے متاثر ہوکر ہوا بازی سیکھنے کا انکشاف

اداکار عمران عباس، فائل فوٹو
اداکار عمران عباس، فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمران عباس نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے ٹام کروز سے متاثر ہوکر جہاز اُڑانا سیکھا تھا۔

عمران عباس نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔

اُنہوں نے انکشاف کیا کہ میں ٹام کروز کو جہاز اُڑاتا دیکھ کر بہت متاثر ہوا تھا اور میں نے سوچا کہ میں بھی جہاز اُڑا سکتا ہوں لیکن میرے ساتھ ایک مسئلہ ہے کہ میری کسی بھی ایک چیز میں زیادہ دیر تک دلچسپی برقرار نہیں رہتی اس لیے میں نے جہاز اُڑانا سیکھا لیکن پھر زیادہ دیر تک میرا یہ شوق برقرار نہیں رہا۔

اداکار نے بیرون ممالک سفر کرنے کے اپنے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں ایک آرکیٹیکٹ ہوں تو میں جہاں بھی جاتا ہوں تو سب سے پہلے میں وہاں کے آرٹ اور آرکیٹیکچر کا مشاہدہ کرتا ہوں۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ ویسے تو دنیا کے کئی ممالک میں بہت شاندار ایئر پورٹس بنے ہوئے ہیں لیکن ابھی تک میں جتنے بھی ممالک گیا ہوں ان میں سب سے زیادہ میں بھارت میں دہلی کا ایئرپورٹ دیکھ کر متاثر ہوا کیونکہ وہاں کے لوگوں نے اپنے ایئر پورٹ کے انفراسٹرکچر کے ذریعے بہت زبردست انداز میں اپنی ثقافت، معیشت اور اپنے ملک کی نمائندگی کی ہے جو کہ ایک غیر معمولی بات ہے۔

عمران عباس نے بھارت کا سفر کرنے پر ہونے والے اپنے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں ممبئی بہت بار گیا ہوں اتنا کہ میری والدہ کہا کرتی تھیں اتنا تو تم اسلام آباد سے راولپنڈی نہیں جاتے جتنا تم پاکستان سے ممبئی جاتے ہو۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھے ممبئی بہت اچھا لگا اور جب بھی وہاں جاتا ہوں تو بہت اچھا محسوس ہوتا اپنے گھر جیسا ہی لگتا ہے۔

اداکار نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان چاہے چتنے بھی سیاسی اختلافات ہوں لیکن پھر بھی دونوں ممالک کے عوام کے درمیان جو محبت ہے وہ کم نہیں ہو سکتی کیونکہ ہماری تاریخ یکساں ہے اور آزادی سے قبل ہم سب ساتھ ہی رہا کرتے تھے۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں جب بھارت گیا تھا تو میں نے اس علاقے کا دورہ بھی کیا جہاں میرے والدین پیدا ہوئے ہوئے تھے اور وہاں کے لوگوں نے میرا بہت پیار سے استقبال کیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید