• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی پی ٹی آئی نے قوم کیساتھ بددیانتی نہ کی ہوتی تو آج جیل میں نہ ہوتے، شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف ۔ فوٹو: فائل
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف ۔ فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے قوم کے ساتھ بددیانتی نہ کی ہوتی تو آج جیل میں نہ ہوتے۔ 9 مئی کا واقعہ نہ ہوا ہوتا تو بانی پی ٹی آئی آج انتخابی مہم میں ہوتے۔

ایک انٹرویو میں شہباز شریف نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ انتخابات میں بلا ہوتا لیکن دنیا نے دیکھا کہ عدالت نے اس معاملے میں جو ثبوت ان سے مانگا وہ پیش نہیں کیا جاسکا۔

ن لیگی صدر نے کہا کہ پاناما کیس میں نواز شریف کا نام ہی نہیں تھا کیس اس کو لے کر کیا گیا اور سزا اقامہ میں سنائی، ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہیے کہ جھوٹے الزامات اور بہتان تراشی سے گریز کریں۔

شہباز شریف نے سوال کیا کہ 2017 میں ثاقب نثار کو سامنے رکھ کر نواز شریف حکومت کا تختہ کس نے الٹا؟ نواز شریف اب صرف سیاستدان نہیں اسٹیٹسمین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے گھمبیر مسائل کو ہم سب نے مل کر حل کرنا ہے، انتخابات میں سادہ اکثریت مل جائے تو مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی، انتخابات میں اللّٰہ جس کو بھی موقع دے دعا ہے سادہ اکثریت ملے تاکہ فیصلے کرسکیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ تمام سروے بتارہے ہیں پنجاب میں ن لیگ سب سے آگے ہے، الیکشن کے نتائج کے بعد مشاورت سے وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق فیصلہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت الیکشن ملتوی کرنے سے ملک کو نقصان ہوگا، الیکشن ملتوی کرنا کوئی مناسب بات نہیں ہوگی، پاکستان میں سیاسی استحکام نہیں ہوگا تو سرمایہ کاری کرنے کون آئے گا؟ 

شہباز شریف نے کہا کہ ہم تو چاہتے تھے کہ بلا ہوتا یہ پی ٹی آئی کی اپنی کوتاہیاں اور ناکامیاں ہیں۔

قومی خبریں سے مزید