• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں کام کرنا چاہتا ہوں، میرے امیدواروں کو کامیاب بنائیں، بلاول


بلاول بھٹو زرداری : فوٹو فائل
بلاول بھٹو زرداری : فوٹو فائل

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سندھ میں کام کرنا چاہتا ہوں، میرے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔

شہدادپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  اس بار مجھے پچھلے الیکشن سے بھی زیادہ نشستیں دلوائیں، کراچی اور حیدرآباد کی قومی اسمبلی کی نشستیں جیتے تو جیالا وزیراعظم ہوگا۔

بلاول  بھٹو زرداری نے کہا کہ چوتھی بار وزیراعظم بننے کی کوشش کرنے والے کے پاس منشور تک نہیں، شہداد پور میں الیکشن لڑنے والے اس جماعت کے سیاسی یتیم سے منشور کا پوچھیں۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ  الیکشن تو 8 فروری کو ہے سانگھڑ کے عوام نے آج ہی فیصلہ سنا دیا، پورے پاکستان میں الیکشن ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان ہے، انتخابی میدان میں صرف جیالے موجود ہیں اور مقابلے کیلئے تیار ہیں،  شیر تو بلی بن کر گھر میں چھپا ہے شکار پر تیار ہی نہیں، یہ کس قسم کا شیر ہے جو چاہتا ہے کہ کوئی اور اس کیلئے شکار کرے، یہ شیر مزدوروں، کسانوں اور عوام کا خون چوستا ہے، یہ کس قسم کا شیر ہے، یہ خون چوسنے والا شیر ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پنجاب میں ن لیگ کا نشان شیر ہے، ستارے والے اس کے سہولت کار ہیں،  آپ نے 8 فروری کو کلین سوئپ کرنا ہے، بھاری اکثریت چاہیے، جتنی طاقت آپ مجھے دیں گے، اتنی طاقت سے آپ کا کام کرواسکوں گا، میں چاہتا ہوں سندھ کے چپے چپے پر کام کروں،  تمام حلقوں سے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کروانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف پیپلز پارٹی منشور پر الیکشن لڑ رہی ہے، آپ ان سے پوچھیں چوتھی بار وزیراعظم بننا چاہتے ہیں منشور کیا ہے، میں دائیں بائیں نہیں دیکھتا عوام پر بھروسہ کرتا ہوں، دیگر جماعتیں ذاتی فائدے کیلئے الیکشن لڑ رہی ہیں، کوئی جیل سے بچنے اور کوئی جیل سے نکلنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے۔

 بلاول بھٹو نے کہا کہ میرا دس نکاتی عوامی معاشی معاہدہ ہے گھر گھر پہنچانا ہے، ہم آپ کی آمدنی میں اضافہ کریں گے، 300 یونٹ تک مفت بجلی سولر کے ذریعے دلاؤں گا، روٹی کپڑا مکان کا وعدہ پورا کرنا ہے، خواتین کو گھر اور مالکانہ حقوق دلانے ہیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کریں گے، خواتین کو بلا سود قرضہ دلائیں گے۔

پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ 18ماہ اسلام آباد میں گزار کر آیا ہوں، جانتا ہوں پیسا ہے، وسائل ہیں آپ عوام پر خرچ نہیں کرتے، یہ کہتے ہیں پیسا نہیں اشرافیہ کے لیے ہر وقت پیسا ہے،17وزارتیں ختم کرکے یہ پیسا عوام پر خرچ کروں گا، اشرافیہ کی 1ہزار 5 سو ارب روپے کی سبسڈی ختم کروں گا، اشرافیہ کی سبسڈی ختم کرکے یہ پیسا عوام پر خرچ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ بدین کے فیصلے کراچی میں بیٹھے بابو کریں، کراچی اور حیدر آباد پر غیر جمہوری قوتوں نے قبضہ کرلیا تھا، ہم نے جمہوریت کے ذریعے کراچی واپس لے لیا اور کراچی کا میئر بنایا۔

بلاول بھٹو نے اپنے امیدواروں سے وعدہ بھی لیا کہ اپنے رشتے داروں کو بھرتی نہیں کروائيں گے بلکہ عوام کے کام کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید